طیارہ حادثہ۔ایئرٹریفک کنٹرولر کو بھی شامل تفتیش کرلیا گیا

پی آئی اے طیارہ حادثے کی تحقیقات کا عمل جاری ہے، بدقسمت طیارے کا وائس ڈیٹا ریکارڈر جائے حادثہ سے مل گیا اور ڈیوٹی پر موجود ایئر ٹریفک کنٹرولر کو شامل تفتیش کرلیا گیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پی آئی اے طیارہ حادثہ کی تحقیقات جاری ہیں جائے وقوعہ سے وائس ریکارڈ اور بلیک باکس مل گیا جسے ایئر بس کی ٹیم کے حوالے کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کے اہم آلات کے ذریعے حادثے کی وجوہات کا تعین ہوگا۔

دوسری جانب تحقیقاتی ٹیم نے پی آئی اے طیارہ حادثے میں ڈیوٹی پر موجود ایئرٹریفک کنٹرولر کو بھی شامل تفتیش کرلیا ہے، دوران پرواز اپروچ کے وقت ایئر ٹریفک کنٹرولر کو ہوابازی کے بین الاقوامی قوانین کے مطابق آربٹ دینا چاہیے تھا، لینڈنگ سے قبل چیک گیئرز ان لاک کے عمل کو ہر صورت ممکن بنانا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلی ناکام لینڈنگ کے بعد ایئرٹریفک کنٹرولرکی جانب سے کپتان کو مطلع کرنا لازم تھا کہ جہاز کا انجن رن وے سے ہٹ ہوا ہے، ایئرٹریفک کنٹرولر کے فرائض میں یہ بات بھی شامل تھی کہ وہ کپتان کو انفارم کرتا کہ لینڈنگ گئیر ڈاؤن ہوا ہے یا نہیں، لینڈنگ کلیئرنس سے قبل لینڈنگ گیئر کا اہم ترین پراسیجر ائیرٹریفک کنٹرولر کی ذمے داری ہے۔

تبصرے بند ہیں.