پاکستان اسٹیل ملزکے تمام ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان اسٹیل ملز کے تمام ملازمین کو نوکری سے فارغ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) کی منظوری کے بعد ملازمین کو نوکری سے فارغ کرنے کےلیے کابینہ کی منظوری درکارہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق بدھ کو مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ختم ہوگیا۔ ای سی سی اجلاس میں پاکستان اسٹیل ملز کے تمام ملازمین فارغ کرنے کی منظوری دی گئی۔ اسٹیل ملز کے 9350 ملازمین کوایک ماہ کے نوٹس پر فارغ کردیا جائے گا۔

پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کو18 ارب روپے کا پیکج دیا جائے گا۔کم و بیش 23 لاکھ روپے فی ملازم معاوضہ دیا جائے گا۔ تاہم 250 ملازمین پلان پرعمل درآمد کیلیے 120 دن تک کام کرتے رہیں گے۔

واضع رہے پاکستان اسٹیل ملز پر اس وقت 585 ارب روپے کا قرضہ اور خسارہ ہے جس میں 300 ارب روپے کا خسارہ ہے۔ پاکستان اسٹیل ملز اس وقت 35 کروڑ روپے تنخواہوں کی مد میں ادا کررہا تھا۔

90 کروڑ روپے ماہانہ سود کی مد میں دیے جاتے ہیں۔ 90 کروڑ روپے کے دیگر اخراجات بھی ہیں جن میں ٹرانسپورٹ اور میڈیکل شامل ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ اس کی تنظیم نو کرکے نجکاری کی جائے۔

تبصرے بند ہیں.