برطانیہ کا 16 سالہ لڑکا 191 بار گرفتار

برطانیہ میں ایک کم سن عادی مجرم نے بار بار جرائم کے ارتکاب کا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے جس پر اسے مقامی پولیس اور میڈیا میں “بدترین شرارتی” لڑکا قرار دیا گیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق 16 سالہ مجرم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے تاہم مقامی اخبار”دی سن” کے مطابق ایک برطانوی بچے نے قانونی بلوغت کی عمر کو پہنچنے سے پہلے ہی جرائم کے ارتکاب کے سابقہ ریکارڈ توڑ ڈالے۔

ملزم کو 16 سال کی عمر میں 191 بارگرفتار کیا جا چکا ہے۔ خیال رہے کہ برطانیہ میں آئینی بلوغت کی عمر 18 سال مقرر ہے۔

اخباری رپورٹ کے مطابق کم عمر مجرم کو بار بار اس لیے رہا کیا جاتا رہا ہے کیونکہ وہ قانونی طور پر بلوغت کی عمرکو نہیں پہنچا تھا۔

پولیس کے اعداد و شمار سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ اسی علاقے کے ایک اور بچے کو پولیس نے 17 سال کی عمر سے پہلے ہی 151 بارگرفتار کیا تھا۔ یہ بھی پایا گیا ہے کہ اسی پولیس یونٹ نے دو دیگر بچوں کو بھی گرفتار کیا ہے ان میں سے ایک کو 85 بار اور دوسرے کو 65 بار گرفتار کیا گیا تھا۔

معلومات کے مطابق کینٹ کاؤنٹی میں بھی چار بچے ہیں جن میں سے ہر ایک بچے کو پچپن سے زیادہ بار مختلف جرائم کے ارتکاب کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ان میں ایک ایسا بچہ بھی شامل تھا جب وہ پہلی بار گرفتار ہوا تب اس کی عمر گیارہ سال تھی۔

تبصرے بند ہیں.