کے الیکٹرک نے تیل کی قلت کا بہانہ بناکر شہریوں کو بے حال کردیا

کے الیکٹرک نے تیل کی قلت کا بہانہ بناکر شہر میں لوڈشیڈنگ میں مزید اضافہ کردیا جس سے گرمی کے مارے شہری بے حال ہوگئے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں غیراعلانیہ اوراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جو روز بدترین ہوتا جارہا ہے،کے الیکٹرک کی جانب سے صارفین کو تیل کی قلت کے باعث لوڈشیڈنگ کے میسج بھیجے جارہے ہیں اور دن رات لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، نمائش، لیاقت آباد، لیاری، فیڈرل بی ایریا، گلستان جوہر، شاہ فیصل کالونی، کیماڑی، ملیراورگلشن اقبال سمیت شہر کے دیگر حصوں میں کے الیکٹرک کی جانب سے اعلانیہ اورغیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔گرم موسم میں بجلی کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، لیاقت آباد سی ون ایریا میں رات 11 بجتے ہی بجلی فراہمی معطل ہوجاتی ہے جو رات گئے تک معطل رہتی ہے۔

کورنگی کے علاقے مہران ٹائون میں بھی دن رات بجلی کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے اورکئی گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے۔

دوسری جانب کیماڑی کے مختلف علاقوں میں بھی رات گئے بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوجاتی ہے جب کہ آئی آئی چندریگر روڈ اور صدرکے علاقوں میں بھی دن میں کئی مرتبہ بجلی کی فراہمی معطل ہوجاتی ہے جس کے بعد رات میں بھی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔کےالیکٹرک کی جانب سے شہر میں لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی دن میں 2 سے 3 بارایک ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.