آڈیولیک کی سازش میرے خلاف ہوئی ہے ، وکلا کی مشاورت سے اقدام اٹھاؤں گی،فائل فوٹو
آڈیولیک کی سازش میرے خلاف ہوئی ہے ، وکلا کی مشاورت سے اقدام اٹھاؤں گی،فائل فوٹو

عظمیٰ کاردارکو تحریک انصاف سے نکال دیا گیا

پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے پرعظمیٰ کاردار کی پارٹی رکنیت ختم کردی ۔

نجی ٹی وی کے مطابق پارٹی رکنیت ختم ہونے کے بعد عظمیٰ کاردار پنجاب اسمبلی کی رکن بھی نہیں رہ سکیں گی۔

اس سلسلے میں پی ٹی آئی کی قائمہ کمیٹی برائے نظم واحتساب نے تحریری حکمنامہ جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ رکن صوبائی اسمبلی عظمیٰ کاردارکو15 جون کو اظہار وجوہ کا نوٹس دیا گیا تھا جس میں ان کی بنیادی پارٹی رکنیت 1 ماہ کیلئے معطل کرتے ہوئے انہیں ذیلی کمیٹی کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔

حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ عظمیٰ کاردار کے خاوند کی علالت کے پیش نظر17 جون کی سماعت موخر کرکے 27 جون کو منعقد کی گئی۔ تمام ثبوت اور شواہد کے معائنے اور عظمیٰ کاردار کے موقف کو سننے کے بعد قائمہ کمیٹی برائے نظم واحتساب قائل ہے کہ انہوں نے غیر ذمے داری کا مظاہرہ کیا۔

اس کے علاوہ بطور رکن صوبائی اسمبلی بھی عظمیٰ کاردار کا رویہ نامناسب اور منصب کے شایانِ شان نہیں رہا۔ چنانچہ عظمیٰ کاردار کی بنیادی جماعتی رکنیت ختم کی جاتی ہے۔

تحریک انصاف کے حکمنامے میں اعلان کیا گیا ہے کہ عظمیٰ کاردار کسی پارلیمانی منصب کی بھی اہل نہیں رہیں۔ تاہم وہ قائمہ کمیٹی کے فیصلے کو7 روز میں ایپلٹ کمیٹی کے روبرو چیلنج کرنے کی مجاز ہوں گی۔
خیال رہے کہ عظمی کاردار کی نامناسب آڈیو لیک ہونے پر پارٹی کی جانب سے انہیں ایک ماہ کے لیے معطل کرتے ہوئے شوکاز نوٹس بھجوایا گیا تھا تاہم وہ اپنے جواب سے ڈسپلنری کمیٹی کو مطمئن نہیں کر پائی اور ان کی پارٹی رکنیت معطل کردی گئی ہے۔