دوپہر میں کراچی کے اطراف تھنڈر سیلز بن سکتے ہیں۔فائل فوٹو
دوپہر میں کراچی کے اطراف تھنڈر سیلز بن سکتے ہیں۔فائل فوٹو

کراچی میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان

کراچی میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ عارضی طور پر رک گیا ہے تاہم شہر میں آج پھر گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کے امکانات ہیں، بارش کا یہ سلسلہ کل تک جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے جنوب مشرق میں تھنڈر سیلز بن رہے ہیں، جس کے باعث شہر میں آج تیز بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار بھی کیا ہے کہ مون سون کا چوتھا اسپیل تمام اسپیلز سے زیادہ طاقتور ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق راجھستان پر موجود ہوا کا کم دباؤ بڑھ گیا ہے اور ہوا کا کم دباؤکراچی اور بلوچستان کے جنوب میں موجود ہیں جب کہ کراچی میں ہوا کے کم دباؤ کی شدت تاحال برقرار ہے جس سے شہر میں کسی بھی وقت گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ آج 80 سے 130 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے اور بارش سے قبل شہر میں آندھی چلنے کا بھی امکان ہے جب کہ کل بھی کراچی میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔

کراچی میں سب سے زیادہ بارش فیصل بیس94  ملی میٹر،سرجانی 72 ، صدر 70، ایم او ایس 68، میٹ کمپلیکس 57، یونیورسٹی روڈ 54،گلشن حدید 52، لانڈھی 44، ناظم آباد، مسرور بیس 39، نارتھ کراچی 33، کیماڑی 22، جناح ٹرمینل 11) ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کی بارش کے دوران مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، گلستان جوہر اور لیاری میں گھر میں گرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق ہیں جب کہ ماڑی پور کے قریب لیاری ندی میں ڈوب کر ایک شخص جاں بحق ہوا تھا۔