یہ پہلا موقع ہے جب جرمنی میں کسی موسمی نظام کو باضابطہ طورپر’’تارکینِ وطن کا پس منظر رکھنے والا‘‘ نام دیا گیا ہے۔فائل فوٹو
یہ پہلا موقع ہے جب جرمنی میں کسی موسمی نظام کو باضابطہ طورپر’’تارکینِ وطن کا پس منظر رکھنے والا‘‘ نام دیا گیا ہے۔فائل فوٹو

جرمنی میں موسمی نظام کا نام ’’احمد‘‘رکھ دیا گیا

جرمن محکمہ موسمیات ’ڈی ڈبلیو ڈی‘ نے رومانیہ پر موجود، ہوا کے کم دباؤ والے موسمی نظام کا نام ’احمد‘ (Ahmet) رکھ دیا ہے۔ اس نام کا باضابطہ اعلان منگل 5 جنوری کے روز کیا گیا۔

یہ نظام جرمنی اور پولینڈ کی سمت بڑھ رہا ہے جو اٹلی پر موجود، ہوا کے ایک اورکم دباؤ والے نظام ’’لیزا‘‘ سے اور پھر’’الیگزینڈر‘‘ سے ٹکرائے گا جو اسکاٹ لینڈ پر زیادہ دباؤ والا ایک نظام ہے۔

جرمنی کی سرکاری ویب سائٹ ’’ڈی ڈبلیو‘‘کے مطابق، یہ پہلا موقع ہے جب جرمنی میں کسی موسمی نظام کو باضابطہ طورپر’’تارکینِ وطن کا پس منظر رکھنے والا‘‘ نام دیا گیا ہے۔

البتہ یہ نام رکھوانے کےلیے’’نیو جرمن میڈیا میکرز‘‘(این ڈی ایم) نامی تنظیم نے وہاں کے محکمہ موسمیات کو 240 یورو (تقریباً 48 ہزار پاکستانی روپے) کا معاوضہ ادا کیا ہے کیونکہ یہ کم دباؤ والا موسمی نظام ہے۔

واضح رہے کہ جرمنی میں کوئی بھی شہری معاوضہ دے کر موسمیاتی نظام کو اپنا پسندیدہ نام دے سکتا ہے۔ کم دباؤ والے نظام کا معاوضہ 240 یورو جبکہ زیادہ دباؤ والے نظام کا معاوضہ 360 یورو (تقریباً 72 ہزار پاکستانی روپے) مقرر ہے۔