پی ڈی ایم آج الیکش کمیشن کے سامنے دمادم مست قلندرکرے گی

اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم آج تحریک انصاف کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے کے لیے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کرے گی۔

نجی ٹی وی کے مطابق حزب اختلاف کی بڑی اتحادی جماعتوں کا اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) تحریک انصاف کے خلاف گزشتہ کئی برسوں سے جاری فارن فنڈنگ کیس کے جلد فیصلے کے لیے آج اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفترکے سامنے احتجاج کررہی ہے۔ احتجاج کی سربراہی پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کریں گے جب کہ احتجاج میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت مریم نواز اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی قیادت راجا پرویز اشرف کریں گے۔

اپوزیشن کے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق مولانا فضل الرحمن پشاور موڑ سے احتجاجی ریلی کی قیادت کرتے ہوئے براستہ سری نگر ہائی وے، زیرو پوائنٹ سے سرینا چوک پہنچیں گے، مریم نواز راولپنڈی کے نوازشریف پارک سے ریلی کی قیادت کریں گی اور براستہ مری روڈ سرینا چوک جائیں گی۔ جہاں سے تمام قائدین ایک کنٹینر پر سوار ہو کر شاہراہ دستورکی طرف روانہ ہوں گے اورالیکشن کمیشن کے باہر احتجاج ریکارڈ کیا جائے گا۔

تبصرے بند ہیں.