امید ہے 179 لوگ کل وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ دیں گے۔فائل فوٹو
امید ہے 179 لوگ کل وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ دیں گے۔فائل فوٹو

الیکشن کمیشن کا پریس ریلیز جاری کرنا غیر مناسب ہے۔ وفاقی وزرا

وفاقی وزرا نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے بیان پر پریس ریلیز جاری کرنا غیر مناسب ہے، ادارے اپنی غیر جانبداری پریس ریلیز سے ظاہر نہیں کرتے، الیکشن کمیشن سمیت تمام اداروں کا احترام کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے وفاقی وزیر فواد چوہدری اور بیرسٹرعلی ظفرکے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پچھلے کئی ماہ سے شفاف انتخابات پر زور دے رہی تھی، وزیراعظم نے ملک کے سب سے اہم مسئلے کو اٹھایا تھا، الیکشن میں پیسے کے استعمال کا کلچر بنایا گیا، عوامی مفاد پر پیسے کو ترجیح دی گئی، 1985 سے پیسے کا کلچرآیا،غیر جماعتی انتخابات ہوئے، الیکشن میں شفافیت سے پارلیمنٹ کے ایوان کا وقار بڑھے گا، انتخاب جمہوریت کی بنیاد ہے،الیکشن شفاف ہوں گے تو جمہوریت مضبوط ہوگی۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ دھونس، غنڈہ گردی کا کلچر متعارف کرانے کا اعزاز دونوں جماعتوں کو جاتا ہے، جس دن سے نواز شریف اینڈ کمپنی سیاست میں گھسے، پیسے کا استعمال بڑھا، کرپشن کو فروغ دینے کا اعزاز مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کو جاتا ہے۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن محترم ہے اور رہے گا، الیکشن کمیشن سمیت تمام اداروں کا احترام کرتے ہیں، وزیراعظم نے کہا الیکشن شفاف بنانے کی ذمے داری پوری نہ ہوسکی، عمران خان کے بیان پر پریس ریلیز جاری کرنا غیر مناسب ہے، وزیراعظم نے ہمیشہ کہا انتخابات میں ادارے غیر جانبدار ہوں، ناصر شاہ کی آڈیو میں صاف سنائی دے رہا ہے کہ 12 کروڑ لے لیں، مریم نواز نے تقریر میں کہا پیسہ نہیں، ن لیگ کا ٹکٹ چلا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے 177 اراکین اسلام آباد آگئے ہیں، امید ہے 179 لوگ کل وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ دیں گے۔

فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آپ بیلٹ پیپر ٹریس ایبل رکھیں تا کہ پتا چل سکے، ہم کیسے بتائیں بکنے والے لوگ کون ہیں؟ الیکشن کمیشن بتائے گا، الیکشن کمیشن کو پیشکش کی کہ آپ کو ٹیکنالوجی میں پوری معاونت دیں گے۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ہم کسی سیاسی جماعت کی نہیں نظام کو ٹھیک کرنے کی بات کر رہے ہیں، جدوجہد اس طبقے کے خلاف ہے جس نے ملک کو تباہ کیا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کا سینیٹ الیکشن ہم ہارے ہیں، اسی نظام کے تحت ہماری ممبر فوزیہ ارشد کو ووٹ پڑے ہیں

دوسری جانب وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ انہوں نے کرپٹ پریکٹسز کو عام چیز بنانے کا کلچر متعارف کروایا، ن لیگ اور پی پی پی کی ترجیحات میں نہیں کہ انتخابات شفاف ہوں۔