فخر زمان نے جنوبی افریقا کے خلاف 99 گیندوں پر ون ڈے کیرئیر کی چھٹی سنچری مکمل کی۔فائل فوٹو
فخر زمان نے جنوبی افریقا کے خلاف 99 گیندوں پر ون ڈے کیرئیر کی چھٹی سنچری مکمل کی۔فائل فوٹو

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 321 رنز کا ہدف دیدیا۔ فخر زمان کی شاندار سنچری

پاکستان اور جنوبی افریقا کے خلاف تین ون ڈے میچز کی سیریز کے فیصلہ کن میچ میں قومی ٹیم نے پروٹیز کو 321 رنز کا ہدف دیدیا ۔ فخر زمان نے شاندار سنچری بنائی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان سیریز کے فیصلہ کن ون ڈے میچ کا ٹاس میزبان ٹیم نے جیتا اور شاہینوں کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

اوپنرز امام الحق اور فخر زمان کریز پرآئے اور پہلی شراکت داری میں ایک چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 112 رنز بنائے تاہم 22 ویں اوور کی پہلی گیند پر امام الحق مہاراج کی بال پر کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 57 رنز بنائے۔

فخر زمان نے جنوبی افریقا کے خلاف 99 گیندوں پر ون ڈے کیرئیر کی چھٹی سنچری مکمل کی اوراگلے ہی لمحے 101 رنز پر مہاراج ہی کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 9 چوکے اور 3 چھکے شامل ہیں۔

محمدرضوان جلد بازی میں 7 گیندوں پر 2 رنز بنا کر سٹیمپ آؤٹ ہو گئے۔ ایک مرتبہ پھر مہاراج نے وکٹ حاصل کی۔ 15 ماہ بعد ون ڈے ٹیم میں واپس آنے والے سرفراز احمد کی اننگز 13 گیندوں پر 13 رنز پر محدود رہی، سمٹس نے اپنی ہی گیند پرکیچ تھاما۔

آل راؤنڈر فہیم اشرف نے 1، محمد نواز نے 4 سکور بنائے، مارکرم کے حصے میں دونوں وکٹیں آئیں۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے 96 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ جبکہ حسن علی نے جارحانہ اننگز کھیلی اور 32رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں کے درمیان 63 اسکورکی پارٹنر شپ بنی۔ گرین شرٹس نے مقررہ اوورز میں 320 رنزبنائے۔ مہاراج نے تین جبکہ مارکرم نے دو شکار کیے۔

یاد رہے کہ شاہینوں اور پروٹیزکے مابین 3 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے، پہلے ون ڈے میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو3 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے ون ڈے میں میزبان ٹیم 17 رنز سے فتح یاب ہوئی تھی۔

آج کے میچ کیلئے قومی ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی گئیں۔ آصف علی ، دانش عزیز اور محمد حسنین کو ٹیم سے آؤٹ کر دیا گیا، انجری کے شکار شاداب خان کی جگہ عثمان قادر کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ حسن علی، سرفراز احمد اور محمد نواز کو بھی نمائندگی کا موقع دیا گیا ہے، سرفراز احمد کی ون ڈے کرکٹ میں 15 ماہ بعد واپسی ہوئی ہے۔