پی ڈی ایم حکومت مخالف تحریک جاری رکھے گی۔فائل فوٹو
پی ڈی ایم حکومت مخالف تحریک جاری رکھے گی۔فائل فوٹو

پنجاب حکومت جہانگیر ترین کی دائیں اور وفاقی حکومت بائیں جیب میں ہے۔ رانا ثنااللہ

مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ کل جہانگیر ترین کیساتھ جو ایم این ایزاور ایم پی ایز کی تعداد تھی پنجاب حکومت ان کی دائیں اور وفاقی حکومت بائیں جیب میں ہے، حکومت گرانے کیلیے انہیں جہاز گھمانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناء نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج جہانگیر ترین کہہ رہے ہیں کہ میرے ساتھ ظلم ہو رہا ہے، ن لیگ کیخلاف کارروائی پر جہانگیر ترین نے کبھی نہیں کہا ظلم ہو رہا ہے، جہانگیر ترین نے ہم سے رابطہ کیا تو پارٹی پالیسی کے مطابق فیصلہ کریں گے، اپوزیشن حکومت کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی، پی ڈی ایم ووٹ کی عزت کیلیے اپنی جدوجہدجاری رکھے گی، پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں ایک ایجنڈا طے کیا جائے گا۔

لیگی رہنما نے مزید کہا کہ شریف فیملی کے کاروبار کو جرم بنا کر پیش کیا گیا، شریف فیملی نے لاکھوں لوگوں کو روزگار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ توقع ہے ڈسکہ کا الیکشن صاف اور شفاف ہوگا، مسلم لیگ ن الیکشن میں واضح اکثریت سے کامیاب ہوگی۔