شوکت صدیقی ایجنسی اہلکاروں سے ملتے رہے۔تقریر میں بغض نکالا۔ جسٹس بندیال

سپریم کورٹ کے جج جسٹس عمرعطا بندیال نے کہا ہے کہ ہمیں ملک کے اداروں کا دفاع کرنا ہے، اداروں کا تحفظ ہم نہیں کریں گے تو کون کرے گا۔

جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے5 رکنی لارجر بنچ نے سابق جج شوکت عزیز صدیقی برطرفی کیس کی سماعت کی۔

شوکت عزیزکے وکیل حامد خان نے کہا کہ یہ ریفرنس صدر مملکت نے نہیں بھیجا تھا، سپریم جوڈیشل کونسل نے خود نوٹس لے کرشوکاز نوٹسزاوران کے جوابات کی بنیاد پرجج کو برطرف کیا۔

وکیل حامد خان نے جسٹس قاضی فائزعیسی صدارتی ریفرنس کا حوالہ دیا تو جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ وقت قلیل ہے اتنی تفصیل میں مت جائیں، اس تقریرکا ہونا، اس کا متن، اس کے حقائق سب معلوم ہیں، آپ نے تقریر میں اپنا بغض نکال دیا، آپ نے لوگوں کے بارے میں شکایتیں کرنے کے لیے پبلک فورم چنا، ہمیں ملک کے اداروں کا دفاع کرنا ہے، اداروں کا تحفظ ہم نہیں کریں گے تو کون کرے گا، ادارے پر حملے کی صورت میں شکایت کے لیے اندرونی طریقہ کار موجود تھا، یہ نئی روش شروع ہوئی ہے کہ سب کچھ پبلک کر دیں۔

جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ آپ صرف دو سوالوں کے جواب دیں، کیا یہ تقریر جج کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی تھی یا نہیں، ہمیں یہ بھی سمجھا دیں کہ کونسل کو مزید انکوائری کی ضرورت تھی یا نہیں؟۔

وکیل حامد خان نے کہا کہ سپریم جوڈیشل کونسل میں اوپن ٹرائل کی درخواست دی جو مسترد کردی گئی، جج کی مدت ملازمت کے تحفط کے لیے اس کو بہت سے طریقے کار دیے گئے ہیں، انکوائری ہونا چاہئے تھی تا کہ سچ سامنے آ جاتا۔

جسٹس اعجازلاحسن نے استفسار کیا کہ کیا یہ بہتر نہیں تھا ادارے پرحملے کی صورت میں پہلے تحفظات سے آگاہ کردیا جاتا؟۔ اس پر حامد خان بولے کہ چیف جسٹس پاکستان سے ملنے کے لیے شوکت صدیقی نے چار مرتبہ اپائنٹمنٹ لی، قبول نہیں کی گئی۔

جسٹس سجاد علی شاہ نے پوچھا کہ یہ مان بھی لیں کہ شوکت عزیز صدیقی نے جو کہا سچ تھا تو کیا انھیں عدلیہ کے اندر معاملہ حل نہیں کرنا چاہیے تھا؟۔  وکیل حامد خان نے جواب دیا کہ شوکت عزیز صدیقی نام نہ لیتے تو بھی جرم نام لے لیا تو بھی جرم۔

جسٹس سجاد علی شاہ نے کہا کہ شوکت عزیز صدیقی کو ایسے معاملے پر خود توہین عدالت کا نوٹس کرنا چاہیے تھا۔ وکیل حامد خان نے جواب دیا کہ جب معاملہ چیف جسٹس صاحبان کے علم میں آیا تو انھوں نے بھی توہین عدالت کا نوٹس نہیں کیا، شوکت عزیز صدیقی کیخلاف جو کرنا ہے کریں، انہوں نے تقریر میں جن کا نام لیا ان سے بھی پوچھا جائے۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ شوکت عزیز صدیقی چیف جسٹس کو رپورٹ بھیجتے تو وہ اس پر ایکشن لیتے، انہوں نے ایسا کچھ نہیں کیا، اگر مداخلت کی بات ہے تو عدلیہ کی آزادی کے کئی اور پہلو بھی ہیں، اگر ایک جج غلط کرتا ہے تو پوری عدلیہ کا ٹرائل شروع ہو جاتا ہے، شوکت عزیز صدیقی کا مداخلت کے لیے پبلک فورم کا استعمال غلط تھا، وہ خاموشی سے خفیہ اداروں کے اہلکاروں سے ملتے رہے، وہ اگر بنچ کی تشکیل کے لیے چیف جسٹس کو خط لکھ سکتے تھے تو اس معاملے پر کیوں نا لکھا۔

وکیل حامد خان نے اپنے موکل کا بیان بتایا کہ مجھے اجازت دینی چاہئے تھی کہ تقریر کا مقصد بتاتا، میری تقریرکا مقصد عدلیہ کو بدنام کرنے کی نہیں نظام کو بہتر کرنے کی تھی، سپریم جوڈیشل کونسل کو خطرہ تھا کہ اگرانکوائری شروع ہوئی تو میرا موکل جرنیلوں کو بلانے کا کہے گا،اسی خطرے سے بچنے کے لیے سپریم جوڈیشل کونسل نے میرے خلاف ایسے باتیں کی۔

جسٹس عمرعطا نے کہا کہ ہمیں 30 جون کا خیال ہے،آرڈرکر رہے ہیں کہ جیسے ہی بنچ دستیاب ہو گا مقدمہ سماعت کے لیے مقررکیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.