عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ کی درخواست ضمانت میں 16اگست تک توسیع کردی۔فائل فوٹو
عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ کی درخواست ضمانت میں 16اگست تک توسیع کردی۔فائل فوٹو

منی لانڈرنگ کیس۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو ریلیف مل گیا

لاہور۔ منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہبازکی عبوری ضمانت میں 16اگست تک توسیع کردی گئی۔

منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہبازکی عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست پر سماعت سیشن کورٹ لاہور میں صبح ساڑھے نو بجے ہوئی،اس وقت شہباز شریف اور حمزہ عدالت نہ پہنچے تھے جس پرعدالت نے دونوں کو صبح دس بجے پہنچنے کی ہدایت دیتے ہوئے آدھے گھنٹے کی مہلت دی تھی ۔

دس بجے دوبارہ سماعت ہوئی تو وکیل عطا تارڑنے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف گیارہ بجے پہنچ جائیں گے جس پرعدالت نے گیارہ بجے تک کی مہلت دے دی ۔ گیارہ بجے شہباز شریف اور حمزہ شہباز عدالت پہنچ گئے،جہاں شہبا زشریف نے عدالت سے درخواست کی کہ قومی اسمبلی کا سیشن جاری ہے ، مجھے اسلام آباد جانا ہے ،اجازت دی جائے ،عدالت نے شہباز شریف کو درخواست دینے کی ہدایت کی۔

عدالت کی جانب سے وکیل شہباز شریف سے کہا گیا کہ آپ نو، دس یا گیارہ اگست کی تاریخوں میں سے کوئی لے لیں،وکیل شہباز شریف نے عدالت کو بتایا کہ قومی اسمبلی کا سیشن چل رہا ہے اس کے بعد کی تاریخ دے دیں۔عدالت کی جانب سے استفسارکیا گیا کہ قومی اسمبلی کا سیشن کب تک چل رہا ہے ،جس پر وکیل نے بتایا کہ سیشن 13اگست تک جاری رہے گا، پھر چودہ اگست بروز ہفتہ سرکاری اور پندرہ اگست کو اتوار ہے ۔

بعد ازاں عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ کی درخواست ضمانت میں 16اگست تک توسیع کردی۔