شیخ رشید نے فیصل مسجد کا دورہ کیا ، نمازجنازہ اور تدفین کے انتظامات کا جائزہ لیا۔فائل فوٹو
شیخ رشید نے فیصل مسجد کا دورہ کیا ، نمازجنازہ اور تدفین کے انتظامات کا جائزہ لیا۔فائل فوٹو

شہباز شریف قدم بڑھائیں ،حکومت بات کرنے کیلیے تیار ہے۔شیخ رشید

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدرشہباز شریف ماضی بھلا کر حکومت سے مذاکرات کے لیے قدم بڑھائیں ، حکومت بات کرنے کے لیے تیار ہے، لیکن اپوزیشن لیڈر کو چاہیے کہ وہ ’ بسم اللہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے مسئلے سے کریں‘۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ہم نے افغان سفیرکے بیٹی سلسلہ علی خیل کے مبینہ اغوا کی مکمل تحقیقات کرلی ہیں، میں نے وفاقی پولیس کو ہدایت دی ہے کہ معاملے کی ساری اصل حقیقت فارن آفس سے مل کرافغان انویسٹی گیشن ٹیم کے حوالے کی جائے، افغان ٹیم کو اگر کچھ پوچھنے کی ضرورت ہوئی تو پولیس ان کے جو اب دینے کے لیے مکمل تیارہے اورکیس میں گرفتارکیے گئے 11لوگ جن میں چارٹیکسی ڈارئیور شامل ہیں انہیں ٹیم کے سامنے پیش کیا جائے ،وہ چاہیں تو ان لوگو ں کے انٹرویوکرسکتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ محرم الحرام میں امن وامان کی صورت کو یقینی بنانے کے لئے جمعرات کو میٹنگ بلالی گئی ہے جس میں تمام آئی جی ایز سمیت دیگر اعلیٰ افسران شریک ہوں گے۔ ہم نہیں چاہتے کوئی کسی کے عقیدے میں مداخلت کرے، انشااللہ امن و اما ن برقرار رکھنے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کیپٹل ڈیویلمپنٹ سٹی (سی ڈے اے )کو ہدایت کی گئی ہے کہ دارالحکومت میں190سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں ، ڈپٹی کمشنر سے کہاہے کہ اسلام آباد میں موجود تمام نالوں پر بنائی گئی تجاوزات کو 30اگست تک ہٹادیا جائے،نادراسے سفارشی لوگوں کو ہٹادیاگیا ہے،841شناختی کارڈ بلا ک کردیے گئے ہیں،جعلی شناختی کارڈ بنانے والی کالی بھیڑیں نادرا سے نکال دی گئی ہیں،ہم آن لائن ویزہ شروع کرچکے ہیں، غیر ملکیوں کو ایک مہینے کی چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا گیاہے اگر ویزے میں توسیع کرا لیں تو ٹھیک ورنہ ملک چھوڑ دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چائینزکی سیکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات ہیں، داسو دھماکے پرتحقیقات جاری ہیں،کسی پر کوئی دباو نہیں، پاک چین دوستی پہلے سے زیادہ مضبو ط ہے،لا ل حویلی میں بھی دو بار فائرنگ ہوئی ہے جس کی تفتیش پولیس ابھی کررہی ہے۔ طو رخم بارڈر پرافغان مہاجرین کاکوئی بہاﺅ نہیں ہے،پاکستان فوج نے فینسنگ کی ہوئی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور ش لیگ میں مزاحمت اورمفاہمت کی لڑائی ہے، یہ دونوں الگ جماعتیں ہیں، عمران خان کون لیگ اور پیپلز پارٹی سے کوئی خطر ہ نہیں، اپوزیشن کی مزاحمت اور مفاہمت کی دونوں پالیسیاں ناکام ہوں گی۔اپوزیشن کی سیاست صرف 40کیمروں میں اندر محدود ہوکررہ گئی ہے، یہ اپنی انگلیاں کاٹیں گے، ان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ۔

شیخ رشید نے مزیدکہا کہ نور مقدم کیس میں انصاف کی جتنی کوشش کرسکتا تھا میں نے کی ہے، اب ملزم کو پولیس مقابلے میں تو نہیں مروا سکتا ، اس کے والدین سمیت ہر رابطے میں رہنے والے بندے کو جیل میں بجھوا دیا ہے اور پوری امید ہے کہ انہیں عدالت سے سزا ئیں ہوں گی۔