یہ گردوارہ چند ماہ پہلے ہی اربوں روپے کی لاگت سے تیار کیا گیاتھا۔فائل فوٹو
یہ گردوارہ چند ماہ پہلے ہی اربوں روپے کی لاگت سے تیار کیا گیاتھا۔فائل فوٹو

17 ارب سے بننے والے کرتار پور گردوارے کے گنبدوں کوآندھی لے اڑی

کرتار پور گردوارے کے گنبد تیز ہواؤں کی تاب نہ لاسکے اورآندھی میں ٹوٹ کر زمین پر آگرے۔ ناقص تعمیر کے باعث سکھوں اور سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے پی ٹی آئی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

جمعہ کے روز چلنے والے آندھی اور تیز بارش کے باعث کرتار پور گردوارے کے گنبد زمین پر آگرے۔ یہ گردوارہ چند ماہ پہلے ہی اربوں روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے۔

کہا جارہا ہے کہ گردوارے کے گنبدوں کی تعمیر میں سیمنٹ اور سریے کا استعمال نہیں کیا گیا بلکہ انہیں فائبر سے بنایا گیا تھا اور انہیں جوڑنے کیلیے نٹ بولٹ بھی نہیں لگائے گئے۔

سکھوں نے گردوارہ کرتار پور کے گنبدوں کے ٹوٹنے پر شدید غم و غصہ کااظہار کیا ہے ۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری سے اس معاملے کی تحقیقات کرنے کی درخواست کی ہے۔

دوسری جانب نارووال سے تعلق رکھنے والے ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی احسن اقبال نے گردوارے کے گنبد ٹوٹنے کے واقعے پر نیب سے نوٹس کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر کہا ” کیا نیب حرکت میں آئے گا؟۔

کرتارپور منصوبہ پی ٹی آئی حکومت نے 17ارب کی خطیر رقم سے حال ہی میں مکمل کیا تھا اور اس کے معیار کا یہ حال ہے- اگر یہ حادثہ مسلم لیگ ن کی حکومت میں ہوا ہوتا تو اب تک نیب بریکنگ نیوز چلا رہا ہوتا۔”