ڈاکٹرعبدالقدیر خان کی صاحبزادی کا شکوہ

راولپنڈی:ڈاکٹرعبدالقدیر خان کی صاحبزادی ڈاکٹر دینہ نے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے والد کو جو مقم ملنا چاہیے تھا وہ نہیں دیا گیا۔

راولپنڈی میں ہائی کورٹ بار میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے لیے تعزیتی ریفرنس ہوا جس میں قرآن خوانی ہوئی۔ مشیر وزیراعظم ڈاکٹر بابراعوان اورڈاکٹر قدیر کی بیٹی دینہ خان نے بھی ریفرنس میں شرکت کی۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی صاحب زادی ڈاکٹر دینہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں بار کے تمام لوگوں کی شکر گزار ہوں کہ یہ پروگرام منعقد کیا۔

ڈاکٹر دینہ خطاب کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں۔ انہوں نے کہا کہ میری فیملی کے لیے یہ وقت بہت مشکل ہے، میرے والد کو جومقام ملنا چاہیے تھا وہ نہیں دیا گیا، امید ہے کہ آنے والے وقت میں میرے والد کے کام کو سراہا جائے گا، میرے والد کراچی میں زیرعلاج تھے تو لوگ ان کے لیے پھول لے کر آتے تھے، میں تمام لوگوں کی شکر گزار ہوں کہ میرے والد کو اتنی عزت بخشی۔

صدر راولپنڈی ہائی کورٹ بار سردار عبدالرازق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان ایٹمی طاقت کے بانی ہیں، انہوں نے ایسے وقت پاکستان کے ایٹمی پروگرام میں حصہ ڈالا جب پاکستان مشکلات میں تھا، ڈاکٹر عبد القدیر خان نے کہا تھا کہ وہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا سکتے ہیں جس پر ذوالفقار علی بھٹو نے انہیں ویلکم کیا، ضیاء الحق نے اندرا گاندھی سے کہا تھا کہ بھارت نے پاکستان کی طرف دیکھا تو ہمارے پاس ڈاکٹر عبدالقدیر خان ہیں، پاکستان کے تمام بارز میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی تصویر قائداعظم اور علامہ اقبال کے ساتھ لگی ہوئی ہے۔

بابر اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر قدیراوران کے بچے اس ملک کے محسن ہیں، وزیراعظم عمران خان سے بات کرکے اسلام آباد کی اہم جگہ کا نام ڈاکٹر قدیرکے نام پر رکھیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.