گڈاپ کےعلاقے میں ندی سے دو افراد کی لاشیں برآمد

کراچی:گڈاپ کےعلاقے میں ندی سے دو باریش افراد کی لاشیں ملیں، جو تقریبا ایک ماہ پرانی معلوم ہوتی ہیں، فوری طورپردونوں کی شناخت نہیں ہوسکی اورنہ ہی موت کی وجہ کاعلم ہوسکا۔

منگل اوربدھ کی درمیانی شب گڈاپ کے علاقے ناردرن بائی پاس کے قریب نیک محمد بروہی گوٹھ میں ندی سے دوافراد کی لاشیں ملیں۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو حکام اورپولیس موقع پر پہنچ گئے اورلاشوں کو ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق دونوں کی عمریں 30 سے 35برس کے درمیان  ہیں ،لاشیں تقریبا ایک ماہ پرانی ہیں جبکہ دونوں باریش ہیں، فنگرپرنٹ کے ذریعے بھی شناخت کی کوشش کی گئی لیکن لاشیں پرانی ہونے کے باعث فنگر پرنٹ کے ذریعے بھی شناخت نہیں ہوسکی۔

دونوں لاشوں کوایک ہی کپڑے میں لپیٹ کر پھینکا گیا ہے،پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فوری طورپروجہ موت کا بھی علم نہیں ہوسکا ،لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ ڈی این اے کے لیے بھی سیمپل لیبارٹری بھیجے جائیں گے جس کے بعد ہی شناخت کا عمل ممکن ہوسکے گا ، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.