نیب کی مریم نوازکی بریت کی درخواست خارج کرنے کی استدعا

ایون فیلڈ ریفرنس میں نیب کی جانب سے مریم نوازکی بریت کی نئی درخواست خارج کرنے کی استدعا کر دی گئی ۔

نیب نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جواب جمع کراتے ہوئے  مریم نوازکی درخواست مثالی جرمانے کے ساتھ خارج کرنے کی استدعا کی ، نیب کی جانب سے کہا گیا کہ مریم نواز کی بریت کی درخواست ناقابل سماعت ہے، مریم نوازکی بریت کی درخواست میں بیان کیے گئے حقائق درست نہیں، بریت کی درخواست میں لگائے گئے الزامات پر سپریم کورٹ پہلے ہی فیصلہ دے چکی ہے، احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں قانونی تقاضے پورےکرکے سزا سنائی ہے ۔

نیب کی جانب سے جواب میں کہا گیا کہ ٹرائل کورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس کا صاف شفاف ٹرائل ہوا، مریم نواز کے والد نواز شریف، بھائی حسن اور حسین نواز عدالتی مفرور ہیں، ملزمان نے لندن فلیٹس کی منی ٹریل نہیں دی، نوازشریف بتائیں لندن جائیدایں کیسی خریدیں، پیسہ کیسے منتقل کیا؟

سپریم کورٹ نے فیصلے پرعمل کیلیے نگران جج مقرر کیا، مریم نوازکے نگران جج پرالزامات توہین عدالت کے زمرے میں آتے ہیں،پانامہ کیس کی سماعت کرنے والے جج ابھی بھی جوڈیشل سروس میں ہیں، مریم نوازکی درخواست عدالت کے ساتھ دھوکہ دہی کے مترادف ہے۔