پی ٹی آئی کے 22 ارکان پارٹی چھوڑنے والے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی

لاہور:مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کاکہنا ہے کہپی ٹی آئی کے 22 ارکان پارٹی چھوڑنے والے ہیں۔الیکشن جیتنے کے بعد پارٹی وزیراعظم کے امیدوار کا فیصلہ کرتی ہے ۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فوادچوہدری نے جو باتیں کی ہیں سمجھ سے باہر ہیں،ان کی باتیں صرف توجہ حاصل کرنے کی کوشش ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیراعظم کے امیدوار سے متعلق فیصلے جماعت وقت پرکرتی ہے  جبکہ میں  وزیراعظم کے عہدے کا خواہشمند ہوں نہ طلب گار ۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اقتدار کے خواہشمند نہیں، ہم چاہتے ہیں ملک کا نظام آئین کے مطابق ہو، جبکہ آج ملک کی ضرورت ہے کہ عوام کو شفاف الیکشن ملیں۔

اس کے علاوہ شاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا کہ وہ 22ارکان کو جانتے ہیں جو اب حکومت کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے اور دیکھنا حکومت ایک دن بیساکھیوں کے بغیر نہیں رہ سکتی۔ انہو ں نے کہا کہ22 لوگ ہٹ جائیں تو حکومت اکثریت کھو دے گی پھر شاید عدم اعتماد کی ضرورت نہ پڑے۔