81 ہزارپاکستانی عازمین فریضہ حج ادا کریں گے

اسلام ٓٓباد:رواں سال پاکستان سے 81 ہزارعازمین فریضہ حج ادا کریں گے۔

وزارت مذہبی امورنے حج سے متعلق فریم ورک مکمل کرلیا۔ رواں سال 81 ہزار پاکستانی حج ادا کریں گے۔اس سے قبل 2019 میں ایک لاکھ 80 ہزارسے زائد پاکستانی عازمین  نے فریضہ حج ادا کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق 60 فیصد کوٹا پرائیوٹ حج آپریٹراور40 فیصد سرکاری آپریٹرز کودینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سرکاری حج کی فیس 9 لاکھ 45ہزارجبکہ پرائیوٹ حج کی فیس 12 لاکھ روپے تک رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔

ائیرلائن کا کرایہ ایک لاکھ 80 ہزار روپے سے 2 لاکھ روپے تک مقررکئے جانے کا امکان ہے۔ تمام پاکستانی ائیرلائنز حج آپریشن میں حصہ لیں گی۔حج کے لیے اب تک 30 ہزارسے زائد درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔درخواستیں وصول کرنے کی آخری تاریخ 13 مئی ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ تمام حجاج کے لئے اسمارٹ فون لازمی قرار دیا گیا ہے۔ادائیگی حج کے لئے سعودی عرب پہنچنے والے عازمین کے لئے انٹرنیٹ پیکج کے ساتھ مقامی سم لینا  بھی لازمی ہوگا۔رواں سال دنیا بھر سے 10 لاکھ سے زائد مسلمان فریضہ حج ادا کریں گے۔