اسلام آباد میں بازار رات 9 بجے بند کرنے کا حکم

اسلام آباد:بجلی کے شارٹ فال سے نمٹنے و عوام کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات دلانے کے لیے پنجاب بھر کی طرح جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں بھی کاروباری و تجارتی مراکز کے لیے اوقات کار مقررکر دیے گئے۔

نئے اوقات کارکے مطابق کاروباری مراکز، شاپنگ مالز بازار، مارکیٹوں ودکانوں میں شب 9 بجے تک کاروبار جاری رہ سکے گا جبکہ ریسٹورنٹس، ہوٹلز، کیفے و کلب تندورسینما و تفریح مقامات شب ساڑے گیارہ بجے تک کھلے رکھے جا سکیں گے۔

 میڈیکل اسٹورز، اسپتالوں سمیت پیڑول پمپس سی این جی اسٹیشنز، دودھ دہی کی دکانوں، صنعتوں و فیکٹریز اور موٹر وے و ہائی ویز پر سروس ایریاز و ٹائز شاپ وغیرہ کو اوقات کار کی پابندی سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔

شادی ہالز کے لیے شب دس بجے تک کی پابندی برقرار رکھی گئی ہے جبکہ ہفتے کے دن عوام کی سہولت کے لیے اوقات کار کی پابندی عائد نہیں ہوگی تاہم ہفتہ وار تعطیل کے لیے بھی تاجروں و کارباری طبقے کو سہولت کے مطابق انکی ثواب دید پر چھوڑا گیا ہے ۔