مچھرکالونی میں مکان کی چھت گرگئی۔ ماں،2بیٹیاں جاں بحق

کراچی کے علاقے ماڑی پور مچھرکالونی میں مرمتی کام کے دوران مکان کی چھت گرنے سے ماں اور 2بیٹیاں جاں بحق جبکہ ایک بیٹی زخمی ہو گئی ۔

ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ مکان کی چھت گرنے سے ماں بیٹیوں سمیت 3 خواتین جاں بحق اورایک زخمی ہو گئی ۔ جاں بحق خواتین میں 30 سالہ رشیدہ اور دو بیٹیاں 14 سالہ آمنہ اور 18 سالہ یاسمین شامل ہیں۔

جاں بحق خاتون کے شوہر کے مطابق مرمتی کام کے باعث چھت پراضافی وزن رکھا گیا۔ وزن کے باعث دو کمروں پر مشتمل مکان کے ایک کمرے کی چھت گرگئی۔ نورعالم کے مطابق بارش کے پیش نظرگھر میں مرمتی کام کرایا جارہا تھا۔