شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور

لاہور:رمضان شوگر ملز کیس میں وزیراعظم شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظورکرلی گئی، احتساب عدالت نے محفوظ فیصلہ سنایا۔

احتساب عدالت لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلی حمزہ شہبازکے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت ہوئی، شہباز شریف نے عدالت کے روبرو پیش ہوکرحاضری مکمل کروائی، ان کی مستقل حاضری معافی کی درخواست پر وکیل نے دلائل کے مکمل کیے۔

شہباز شریف کے وکیل نے استدعا کی کہ شہباز شریف کے نمائندے محمد نوازکوان کی جانب سے حاضری کے لیے مقررکیا جائے ،شہباز شریف وزیراعظم پاکستان ہیں انہوں نے کبھی ضمانت کاغلط استعمال نہیں کیا۔

نیب کے پراسکیوٹرنے شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست کی مخالفت کردی،انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو مستقل حاضری معافی دینے کی ٹھوس وجوہات نہیں ہیں،شہباز شریف کا حاضری معافی کی درخواست میں میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی نہیں دیا گیا۔

احتساب عدالت کے جج ساجد اعوان نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو کچھ دیر بعد سناتے ہوئے حاضری معافی کی درخواست منظورکرلی۔