جنوبی افریقا کے نائٹ کلب میں20نوجوان مردہ پائے گئے

پولیس حکام کے مطابق جنوبی افریقا کے شہر مشرقی لندن کے قصبے میں واقع ایک نائٹ کلب میں اتوارکے روز20 نوجوان مردہ حالت میں پائے گئے۔

صوبائی پولیس نے سربراہ بریگیڈئر تھمبن کوسی کینانا نے بتایا کہ ’’انہیں اطلاع ملی کہ مشرق لندن کے علاقے سینیری پارک کے ایک مقامی ہوٹل میں 20 افراد مردہ حالت میں پائے گئے ہیں۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ پولیس حکام حادثے سے متعلق معاملات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔پولیس کے مطابق مرنے والوں کی عمریں اٹھارہ سے بیس برس کے درمیان ہیں۔

سوشل میڈیا پرگردش کرنے والی غیرمصدقہ تصاویر میں مرنے والوں کے جسم پربظاہرکوئی زخم یا تشدد کا نشان نہیں اورتمام لوگوں کی لاشیں کلب کے فرش پر بکھری ہوئی تھیں۔

مشرقی کیپ صوبے میں کمیونٹی سیفٹی کے محکمے کے ترجمان یوناتھی بنکوز نے کہا کہ تفتیش کارابھی تک اس بات کا تعین کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ ہلاکتوں کی وجہ کیا ہے، ابتدائی رپورٹوں سے معلوم ہوتا ہے کہ کلب میں زیادہ ہجوم تھا اور وہاں بھگدڑ مچ گئی تھی۔