بھارتی لڑکی کوپاکستانی نوجوان سے دوستی مہنگی پڑ گئی

نئی دہلی:پاکستانی نوجوان لڑکے کی محبت میں گرفتار ہونے والی بھارتی لڑکی کو پاکستان آنے کی کوششوں کے دوران واہگہ بارڈر پر گرفتار کر لیا گیا ۔

نجی ٹی وی کے مطابق بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع ریوا سے تعلق رکھنے والی 24 سالہ اسکول ٹیچر نے سوشل میڈیا ویب سائٹ پرلاہورکے ایک نوجوان سے دوستی کرلی۔بعد میں یہ دوستی شادی کے عہد وپیماں میں بدل گئی، خاتون نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن سے رابطہ کیا اورتمام دستاویزات پوری کرنے کے بعد پاکستان کا ویزا حاصل کرلیا۔14 جون کو مذکورہ خاتون گھروالوں کو بتائے بغیرگھر سے نکل پڑی، گھروالوں نے اس کی گمشدگی کی رپورٹ پولیس میں درج کروادی جس نے تمام ہوائی اڈوں، ریلوے بکنگ سینٹرزاور بارڈر حکام کوالرٹ کردیا۔

جمعرات کے روز جب خاتون واہگہ بارڈرپرپاکستان جانے کے لیے امیگریشن کاؤنٹرپرپہنچی توحکام نے اس بارے میں فوری طورپرمدھیہ پردیش پولیس کو آگاہ کردیا جس نے اسے حراست میں لینے کا کہا۔امیگریشن حکام نے خاتون کو مقامی دارالامان پہنچا دیا جہاں سے اسے گزشتہ روز مدھیہ پردیش پولیس کے حوالے کردیا گیا۔