لیاری میں مسجد کے قریب دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی

کراچی: لیاری کے علاقے گلستان کالونی میں صابری مسجد کے قریب گیس لائن میں زور دار دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں موذن سمیت 9 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے بعد لگنے والی  آگ  دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر گئی ،واقعہ کی اطلاع پر ایمبولینسیں، پولیس اور فائربریگیڈ کی ایک گاڑی پہنچ گئیں اور جھلس کر زخمی ہونے والوں کوسول اسپتال کے برنس وارڈ میں منتقل کیا۔ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ہونے والوں کی شناخت 20 سالہ اکرام اللہ ولد عمر شرین ، 50 سالہ قاری اختر ولد منظور احمد ، 42 سالہ محمد یونس ولد محمد یعقوب ، 35 سالہ آصف ولد محمد یونس ، 47 سالہ وزیر زادہ ولد فقیر ، 17 سالہ عمر شاہ ولد محمد عالم ، 55 سالہ محمد اسرار ولد محمد نواز ، 22 سالہ عدنان ولد عمر زادہ اور 42 سالہ مفتی ناصر ولد حاجی خوشحال کے نام سے کی گئی۔طبی ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے صابری مسجد کے موذن قاری اختر 43 فیصد جھلسے ہیں، جس کے باعث ان کی حالت تشویشناک ہے جبکہ دیگر زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ترجمان فائربریگیڈ کے مطابق سوئی گیس کی لائن میں لیکیج کے باعث دھماکا ہوا جس کے بعد آگ لگ گئی۔ فائربریگیڈ کے عملے نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔