اے ڈی خواجہ نے الزامات لگانے پر راؤ انوار کو نو ٹس بھیج دیا

کراچی:سابق آئی جی سندھ اور موجودہ کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی اے ڈی خواجہ نے ایس ایس پی(ر) راؤ انوار کو قانونی نوٹس بھیج دیا۔

ذرائع کے مطابق اے ڈی خواجہ نے راؤ انوار کو بھیجے گئے  قانونی نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ میرے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کیے گئے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے نجی ٹی وی کے پروگرام میں مجھ پر راؤ انوار نے جھوٹے الزامات لگائے،جس کی وجہ سے میری ساکھ کو نقصان پہنچا جبکہ میرے اہلِ خانہ کو ان الزامات سے خطرات کا سامنا ہے۔

نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ راؤ انوار فوری طور پر معافی مانگیں اور آئندہ ایسے الزامات سے باز رہیں۔ذرائع کے مطابق اے ڈی خواجہ کے راؤ انوار کو بھیجے گئے نوٹس میں 5کروڑ روپے ہرجانے کا بھی ذکر ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اے ڈی خواجہ کے قانونی نوٹس میں راؤ انوار کو 14 دن کا وقت دیا گیا ہے۔