امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ عصمت صدیقی انتقال کرگئیں
 امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ عصمت صدیقی انتقال کرگئیں

 امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ انتقال کرگئیں

کراچی :  امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ عصمت صدیقی انتقال کرگئیں، ان کی عمر 80 برس تھی اور وہ کافی عرصہ سے علیل تھیں۔ مرحومہ کی نماز جنازہ بعد نماز عشاء جامع مسجد مدینہ بلاک7گلشن اقبال (کراچی) میں ادا کی گئی۔ یاد رہے گزشتہ ماہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزرات خارجہ کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے اہلخانہ کو امریکی ویزا دلانے میں سہولت فراہم کرنے کا حکم دیا تھا۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو 2010 میں امریکی عدالت نے افغانستان میں امریکی فوجیوں پرحملہ کرنے کے الزام میں 86 سال قید کی سزاسنائی تھی، وہ ٹیکساس کی جیل میں قید ہیں۔ امریکا کے دعوے کے مطابق عافیہ صدیقی کو افغان جنگ کے دوران افغانستان سے گرفتار کیا گیا تھا، عافیہ صدیقی پر امریکی فوجی کے قتل کا الزام عائد کیا گیا تھا تاہم عافیہ صدیقی نے ہمیشہ اس الزام کی تردید کی۔ گزشتہ ماہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست کی سماعت کے دوران وزارت خارجہ کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی ٹیکساس کے فیڈرل میڈیکل سینٹر میں قید ہیں، امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی خود ہی فیملی سے کوئی رابطہ نہیں کرنا چاہ رہیں، جب وہ رابطہ نہیں کرنا چاہتیں تو ہم رابطے کے لیے ان پر زبردستی نہیں کرسکتے