کینسر کی6جان لیوا اقسام کو بیشتر مریض نظر انداز کردیتے ہیں،تحقیق

کراچی(امت نیوز)کینسر دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والا ایسا مرض ہے جو ہر سال لاکھوں اموات کا باعث بنتا ہے۔کینسر کی متعدد اقسام ہیں جن میں سے 6 کو سب سے زیادہ جان لیوا سمجھا جاتا ہے۔پھیپھڑوں، جگر، دماغ، غذائی نالی، لبلبے اور معدے میں کینسر کو سب سے زیادہ جان لیوا مانا جاتا ہے۔مگر کینسر کی ان اقسام کے شکار اکثر افراد کو بیماری کا علم بہت تاخیر سے ہوتا ہے کیونکہ وہ بیماری کی علامات کو نظر انداز کردیتے ہیں۔اس حوالے سے ایک تازہ تحقیق میں سامنے آیا ہےکہ کینسر کی جان لیوا اقسام کی علامات کو نظرانداز کرنے کا نتیجہ تباہ کن ہوتا ہے۔اس تحقیق میں 2 ہزار افراد میں سروے کیا گیا اور دریافت ہوا کہ محض ایک فیصد افراد جگر کے کینسر کی علامات کو شناخت کرنے کے قابل تھے، اسی طرح 2 اور 3 فیصد افراد غذائی نالی اور معدے کے کینسر کی علامات کو شناخت کرسکے۔محققین نے کہا کہ یہ بات بہت زیادہ تشویشناک ہے کہ بیشتر افراد کینسر کی عام علامات سے واقف ہی نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیماری کی جلد تشخیص سے علاج کا امکان بڑھ جاتا ہے تو یہ ضروری ہے کہ لوگوں کو اس بیماری کی علامات کا علم ہو اور وہ اپنے جسم میں آنے والی تبدیلیوں پر نظر رکھ سکیں، چاہے علامات غیرمتعلقہ ہی کیوں نہ محسوس ہوں ڈاکٹر سے رجوع کرنا بہتر ہوتا ہے۔تحقیق میں کینسر کی 6 اقسام سے متاثر افراد میں نمودار ہونے والی علامات کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ماہرین کے مطابق دماغ کے کینسر کی علامات میں بینائی اور بولنے کے مسائل، سردرد، قے، متلی ، ذہنی اور رویوں میں تبدیلیاں قابل ذکر ہیں۔ جگر کے کینسر کی علامات میں جسمانی وزن میں غیرمتوقع کمی، کھانے کی خواہش ختم ہوجانا، خود کو بیمار محسوس کرنا، پیٹ میں درد یا سوجن، یرقان، جلد پر خارش، تھکاوٹ، بخار، قے میں خون آنا اور پیشاب کی گہری رنگت شامل ہیں جبکہ مسلسل کھانسی، کھانسی میں خون آنا، سینے میں تکلیف، جسمانی وزن میں غیرمتوقع کمی، کھانے کی خواہش ختم ہونا، سانس پھولنا، تھکاوٹ اور کمزوری جیسی علامات کا سامنا پھیپھڑوں کے کینسر کے شکار افراد کو ہوتا ہے۔

اس طرح کھانا نگلنے میں مشکلات، بدہضمی یا سینے میں جلن، کھانے کی خواہش ختم ہوجانا، قے، پیٹ، سینے یا کمر میں تکلیف، مسلسل کھانسی، آواز کا بیٹھ جانا، تھکاوٹ اور سانس پھول جانا غذائی نالی کے کینسر کی نمایاں علامات ہیں۔ لبلبے کے کینسر کی علامات میں مسلسل کمر یا پیٹ میں درد، کھانے کی خواہش ختم ہوجانا، جسمانی وزن میں غیرمتوقع کمی، جلد کی رنگت زرد ہوجانا، یرقان، بدہضمی اور آنتوں کے مسائل قابل ذکر ہیں۔اس کے علاوہ ایسی بدہضمی جس کا تسلسل برقرار رہے، سینے میں جلن، پیٹ پھولنے یا تھوڑا کھانے پر پیٹ بھرجانے کا احساس، پیٹ میں درد، کھانا نگلنے میں مشکلات اور جسمانی وزن میں غیرمتوقع کمی معدے کے کینسر کی قابل ذکر علامات بتائی گئی ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

کرونا کے مثبت کیسز میں نمایاں کمی، 12 مریضوں کی حالت نازک

گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کرونا ٹیسٹ کی شرح 0.27 فیصد رہی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔