چینی سائنسدانوں نے جانورکے کان کے ٹشو کا استعمال کرتے ہوئے تین بچھڑوں کی کلوننگ کی۔ فائل فوٹو
 چینی سائنسدانوں نے جانورکے کان کے ٹشو کا استعمال کرتے ہوئے تین بچھڑوں کی کلوننگ کی۔ فائل فوٹو

چین نے 18 ٹن دودھ دینے والی سپرگائے پیدا کرلی

چینی ماہرین حیاتیات نے پہلی بارایک ایسی سپر گائے پیدا کی ہے جو سالانہ 18 ٹن دودھ پیدا کر سکتی ہے۔

اخبار’گلوبل ٹائمز‘ کے مطابق چین کی نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی آف ایگریکلچر اینڈ فاریسٹری کے سائنسدانوں نے جانور کے کان کے ٹشو کا استعمال کرتے ہوئے سومیٹک سیل نیوکلیئر ٹرانسفر کے ذریعے تین بچھڑوں کی کلوننگ کی۔

 رپورٹ کے مطابق پہلے بچھڑے کا وزن 56.7 کلو گرام ہے اور پیدائش کے وقت اس کا قد 76 سینٹی میٹر اور 113 سینٹی میٹر لمبا تھا، اور اس نے اپنے کلون کیے گئے ہدف کے عین مطابق شکل اور جلد کا نمونہ حاصل کیا۔

اخبار کے مطابق ریسرچ ٹیم کے لیڈر جن یاپنگ نے کہا کہ چین میں مویشیوں کی بحالی کے لیے یہ تجربہ بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ چین میں 70 فیصد گائیں بیرون ملک سے خریدی جاتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ "ہم دو سے تین سال کے عرصے میں 1,000 سے زیادہ سپر گائے پیدا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جو بیرون ملک سے جانوروں کی سپلائی پر چین کے انحصار کو حل کرنے کے لیے ایک مضبوط بنیاد ثابت ہوں گے۔”

بتایا جاتا ہے کہ چینی سائنسدانوں نے حالیہ برسوں میں خاص طور پر خنزیر، گھوڑے، بلیوں، کتوں اور دیگر جانوروں کی کلوننگ کے متعدد کامیاب تجربات کیے ہیں۔