امریکی وزیرخارجہ نے جاسوس غبارے کے باعث دورہ چین ملتوی کردیا

واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک)امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے مبینہ چینی  جاسوس غبارے کی پرواز کے واقعے پر چین کا دورہ ملتوی کردیا

امریکی میڈیا کے مطابق سیکریٹری خارجہ نہیں چاہتے تھے کہ چینی حکام سے ملاقات میں صرف جاسوس غبارے کی پرواز کے متعلق بات ہو لہٰذا انہوں نے دورۂ چین ملتوی کر دیا۔

امریکی حکام نے کہا ہے کہ ان کی فضائی حدود میں ایک مشتبہ چینی غبارہ داخل ہوا جو امریکہ کے اوپر اڑتا رہا ۔

امریکی حکام نے بتایا کہ پینٹاگون ایک مشتبہ چینی جاسوس غبارے کا سراغ لگا رہا ہے

غیرملکی میڈیا کے مطابق ایک سینئر امریکی دفاعی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر دعویٰ کیا کہ واضح طور پر اس غبارے کا مقصد نگرانی کرنا ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد اس غبارے کا سراغ لگایا جارہا ہے جبکہ امریکی فضائیہ کے ذریعے غبارے کا مشاہدہ بھی کیا گیا ہے۔

امریکی سیکیورٹی حکام نے بتایا کہ انہوں نے مونٹانا ریاست میں اس غبارے کو کم آبادی والے علاقے میں گرانے کا فیصلہ کیا لیکن اس کے ملبے سے ممکنہ طور پر خطرے کی وجہ سے ایسا نہیں کیا گیا