سانحہ پشاور:خودکش حملہ آور کوہدف تک سہولت کار نےپہنچایا

پشاور(امت نیوز)پشاور کی پولیس لائنز کی مسجد میں دھماکا کرنےوالے خودکش حملہ آور کے سہولت کار کا انکشاف ہوا ہے

تحقیقاتی ٹیم کے مطابق  خودکش حملہ آور دھماکے کے لئے اکیلا نہیں آیا بلکہ اُسے ہدف تک سہولت کار نے پہنچایا اور وہ رنگ روڈ تک بمبار کے ساتھ ہی موٹرسائیکل پر سوار تھا۔

مبینہ حملہ آور کی رنگ روڈ پر موجودگی اور سہولت کار  کے ساتھ تصویر سامنے آئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق سہولت کار موٹر سائیکل چلارہا ہے جبکہ مبینہ حملہ آور  پیچھے بیٹھا ہے

تحقیقاتی ٹیم کے مطابق سہولت کار موٹرسائیکل چلا کر رنگ روڈ تک لایا جبکہ حملہ آور پیچھے بیٹھا ہوا تھا، بعد ازاں وہ رنگ روڈ سے علیحدہ ہوگیا تھا۔ تحقیقاتی ٹیم نے حملہ آور کے ساتھ سہولت کار کی فوٹیجز بھی حاصل کرلی ہیں جس کے بعد اب اُس کی تلاش کیلیے کارروائیاں کی جارہی ہیں۔

واضح رہے کہ تین روز قبل پشاور میں قائم پولیس لائنز کی مسجد میں عین نماز ظہر کے وقت خودکش دھماکا ہوا تھا، جس میں پولیس افسران و اہلکاروں سمیت 100 سے زائد نمازی شہید ہوئے تھے۔ دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے خراسانی گروپ نے قبول کی تھی۔