امریکی لڑاکا طیارے نے چینی جاسوس غبارہ مار گرایا

امریکہ(اُمت نیوز) امریکی لڑاکا طیارے نے چینی جاسوس غبارے کو مار گرایا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پینٹاگون نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جاسوس غبارہ کو جنوبی کیرولائنا کے ساحل پرنشانہ بنایا گیا ، چین کی جانب سے جاسوس غبارہ امریکی فضائی حدود کی نا قابل قبول خلاف ورزی ہے
چینی جاسوس غبارہ مار گرانے پرامریکی صدر نے امریکی فوج کو مبارکباد پیش کی، امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ کارروائی دانستہ اور قانون کے مطابق کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر بائیڈن اور ان کی قومی سلامتی کی ٹیم ہمیشہ امریکی عوام کی حفاظت اور سلامتی کو اولیت دے گی، چین کی جانب سے ہماری خودمختاری کی ناقابل قبول خلاف ورزی کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ جمعہ کے روز چین نے غبارے کی ملکیت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ موسم کی صورتحال جانچنے والا غبارہ تھا جو اپنے راستے سے بھٹک گیا تھا۔ امریکی فضائی حدود میں غبارے کے غیر ارادی داخلے اور صورتحال پر افسوس ہے۔