پاکستان میں زلزلے کی پیش گوئی،حقیقت کیا ہے؟

اسلام آباد:ترکیہ اور شام میں ہولناک زلزلے کے بعد سوشل میڈیا پر پاکستان میں زلزلے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں اور قیاس آرائیوں کو محکمہ موسمیات نے مسترد کر دیا۔

محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر نے پاکستان میں زلزلے سے متعلق پیش گوئیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ ترکیہ، پاکستان کی فالٹ لائنز میں کوئی مماثلت نہیں۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر زیرگردش زلزلے سے متعلق پیش گوئیوں کی کوئی سائنسی بنیاد نہیں، پاکستان کا اپنا اسٹیٹ آف دی آرٹ مانیٹرنگ سسٹم ہے جو ترکیہ، شام کی صورتحال اور آفٹر شاکس مانیٹر کررہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی دوتہائی آبادی فالٹ لائن پر ہے، 2005ء اور 2013ء میں انہی فالٹ لائنز پر زلزلے آئے تھے جس کے باعث شدید جانی و مالی نقصان برداشت کرنا پڑا تھا۔