کراچی کی ریڈ بس سروس میں پروفیسر پر تشدد 

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کی ریڈ بس سروس میں پروفیسر پر تشدد ، ڈاکٹر عاطف نے ڈرائیور و کنڈیکٹر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو کراچی کی ریڈ بس سروس میں عدم برداشت کا ایک واقعہ پیش آیا ہے جس میں مبینہ طور پر کنڈکٹر اور ڈرائیور نے بس مسافر داؤد یونیورسٹی کے پروفیسر کو محض دس روپے کا نوٹ تبدیل نہ کرنے پر تشدد کا نشانہ بنایا ہے ۔ ڈاکٹر عاطف نے تشدد کے بعد اپنی ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی اور وزیر اعلیٰ سے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔پروفیسر ڈاکٹر عاطف جمیل داؤد یونیورسٹی کے پوسٹ گریجویٹ ڈیپارٹمنٹ میں بطور ڈائریکٹر تعینات ہیں،انہوں نے بتایا کہ آج اپنے گھر کلفٹن سے یونیورسٹی کے لیے ریڈ بس میں بیٹھے،کنڈکٹر کو کرائے  کے لیے 10 روپے کے 5 نوٹ دیے،کنڈیکٹر نے ایک نوٹ واپس کرکے کہا کے دوسرا دیں اس پر ٹیپ لگی ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ ہزار روپے کا کھلا نہیں ہے ،کنڈیکٹر نے کہا کہ 10 روپے دیں ورنہ یہیں اتار دیں گے،تلخ کلامی پر کنڈیکٹر نے ڈرائیور کے ساتھ مل کر تشدد کا نشانہ بنایا،ڈاکٹر عاطف نے وزیر اعلی سندھ سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈرائیور اور کنڈیکٹر کے خلاف سخت ایکشن لیں ۔