مقتول کا بھتیجا باقرچاچی کا عاشق تھا۔ذوالفقارکو راستے سے ہٹادیا گیا

نواب شاہ (نمائندہ امت) نواب شاہ اسکول ٹیچر کے اندھے قتل کا معمہ حل،مرکزی ملزم گرفتار،خاتون سمیت 2 سہولت کار بھی زیر حراست،مرکزی ملزم مقتول کا سگا بھتیجا اورپولیس کانسٹیبل ہے،چاچی کے ساتھ معاشقہ چل رہا تھا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی شہید بنظیر آباد امیر سعود مگسی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ دنوں اسکول ٹیچر ذوالفقار علی کھوکھر کو نامعلوم افراد نے گولیاں مار کر قتل کردیا تھا، اندھے قتل کا مقدمہ پولیس کیلئے چیلنج تھا تاہم ڈی ایس پی صدر علی بخش جمالی،مبین پڑھیار،انسپکٹر اقبال وسان اور آئی ٹی انچارج جمیل بھٹی پر مشتمل ماہر افسران کی ٹیم تشکیل دی گئی، جنہوں نے انتہائی مہارت سے ملزمان کو گرفتار کیا، آلہ قتل اور موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی ہے، ایس ایس پی نے صحافیوں کے سوال کے جواب میں بتایا کہ قتل کا مرکزی ملزم باقر علی کھوکھر ہے جو کہ پولیس کانسٹیبل ہے جبکہ زین العابدین کھوکھر اور مسمات فائزہ بروہی کو سہولت کاری پر حراست میں لیا گیا ہے، امیر سعود مگسی کے مطابق ملزم مقتول کا سگا بھتیجا ہے جسکا اپنی چاچی فائزہ کے ساتھ معاشقہ چل رہا تھا،انہوں نے مقتول گلزارعلی کھوکھر کو راستے سے ہٹا کر شادی کرنے کا پروگرام بنایا ہوا تھا،ایس ایس پی نے بتایا کہ مقتول کی دو بیویاں ہیں، ایک اسکی اپنی برادری سے جبکہ دوسری فائزہ بروہی ہے، جس سے مقتول نے محبت کی شادی کی ہوئی تھی تاہم دونوں بیویوں سے کوئی اولاد نہیں،انہوں نے بتایا کہ ملزمان کا ٹھوس ثبوت و عین قانونی تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے عدالت میں چالان پیش کیا جائے گا اور ملزمان کو قرار واقعی سزا دلائی جائے گی۔