پاک فوج کے سربراہ ، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جرمنی میں 62 ویں میونخ سیکیورٹی کانفرنس کے موقع پر متعدد عالمی شخصیات سے ملاقاتیں کی ہیں۔ انہوں نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول عالمی و علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور انسداد دہشت گردی میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا ۔
آرمی چیف نے جرمنی کے وفاقی وزیر داخلہ مسٹر الیگزینڈر ڈوبرنڈٹ، جرمن چانسلر کے خارجہ و سیکیورٹی پالیسی مشیر مسٹر گنٹر سوٹر اور جرمن مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس جنرل کارسٹن برویر سے بھی ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں موجودہ سیکیورٹی چیلنجز، دوطرفہ دفاعی تعاون اور دوطرفہ و کثیر جہتی مذاکرات کے ذریعے عالمی امن و سلامتی کے فروغ کی ضرورت پر توجہ مرکوز کی گئی۔
علاوہ ازیں، آرمی چیف نے برازیلی مسلح افواج کے چیف آف جوائنٹ اسٹاف ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگیار فریرے کے ساتھ بات چیت میں دوطرفہ فوجی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ لبنانی مسلح افواج کے کمانڈر جنرل روڈولف ہیکل نے بھی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی۔ اس گفتگو کے دوران عالمی و علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو بڑھانے کے اقدامات زیر بحث آئے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos