ممبئی انڈر ورلڈ ڈان چھوٹا راجن کو صحافی کے قتل کیس میں عمرقید

ممبئی: بھارت کی خصوصی عدالت نے انڈر ورلڈ مافیا ڈان چھوٹا راجن سمیت 9 مجرموں کو عمر قید کی سزا سنادی ہے۔ چھوٹا راجن کو سینیئر صحافی جیوتی ڈے قتل کیس میں سزا سنائی گئی ہے۔ اس کیس میں 13ملزمان گرفتار کئے گئے تھے۔ چھوٹا راجن کوبھارت لانے کے بعد اس پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔چھوٹا راجن کو تہاڑ جیل سے وڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے قتل کے کیس کی سماعت کے بعد سزا سنائی۔اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر پردیپ گھرات کے مطابق شریک ملزم ایشین ایج کے صحافی جگناوورا کو جس پر اس کیس میں سازش کا الزام تھا بری کردیاگیا ہے۔اس کیس میں چھوٹا راجن کے شارپ شوٹر بھی مجرم قرار دیئے گئے ہیں انہیں بھی عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔یہ فیصلہ ممبئی کے مضافات پووائی میں واقع ہیرا نندنی گارڈن میں دن دھاڑے قتل کے سات سال بعد آیا ہے۔اس کیس میں مبئی کرائم برنچ نے ستیش کالیا نام کے شارپ شوٹر، ابھیجیت شنڈے، ارون ڈاکے، سچن گائیکواڈ، انل واگھ موڈ ، نلیش شنگدے اور مگنیش اگوانی کو گرفتار کیا تھا۔ان سے تحقیقات کی بنیاد پر پولس نے مزید تین مسکوک افراد ونود اسرانی، دیپک سسوڈیہ اور پالسن جوزف کو گرفتار کیا تھا۔ایک ملزم ونود اسرانی2015 میں طویل بیماری کے بعد انتقال کرگیا تھا۔یاد رہے کہ 2011ء میں ممبئی کے سینیئر صحافی جیوتی ڈے اپنی موٹر سائیکل پر جارہے تھے کہ چھوٹا راجن کے شوٹرز نے انہیں فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔