لاہور، اسلام آباد میں بارش 3 افراد جاں بحق اور 8 زخمی

 

لاہور: اسلام آباد اور لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کے نتیجے میں2 بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق بارش کے نتیجے میں لاہور ائیر پورٹ پر 2طیاروں کو نقصان پہنچا، دمام سے سیالکوٹ آنے والی پرواز پی کے 244 کو بھی لاہور میں اتارا گیا ۔لیسکو ذرائع کے مطابق لاہور میں آندھی اور بارش سے لیسکو کے 300 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے جبکہ بعض مقامات پر تاروں پر درخت گرنے سے بھی بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ بارش رکنے پر بجلی کی بحالی کام شروع کردیا جائے گا۔شہر میں بارش کے باعث مختلف حادثات میں بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی بھی ہوئے۔

ادھر اسلام آباد میں بارش کے بعد نیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی چھت ٹپکنے لگی۔
گوجرانوالہ میں بارش کے باعث تلونڈی موسیٰ خان اور نوشہرہ روڈ پر چھت اور دیوار گرنے کے حادثات کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔اس کے علاوہ سیالکوٹ، راولپنڈی، سرگودھا، حافظ آباد اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی تیز بارش ہوئی۔