بارشوں نے تباہی مچا دی -بالائی علاقوں میں 8 جاں بحق

 

اسلام آباد:ملک کے بالائی علاقوں میں طوفان باد و باراں سے 8 افراد جاں بحق، کئی زخمی ہوگئے، خیبر ایجنسی میں برساتی ریلے میں 4 افراد بہہ گئے، کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ سوات، مری اور گلیات میں بھی بارش ہوئی۔

ملک کے مختلف علاقوں میںآندھی کے ساتھ تیز بارشوں نے تباہی مچا دی، باجوڑ ایجنسی میں طوفان باد و باراں میں مکان کی دیوار گرنے اور مدرسے کی چھت منہدم ہونے سے کئی افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے، امدادی سرگرمیوںکے لئےپاک فوج کے جوانوں کو بھی طلب کرلیا گیا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق خیبر ایجنسی میں بارش کے ریلے میں 4 افراد بہہ گئے، ریلے میں بہنے والے 2 افراد کار میں سوار تھے، تمام ایجنسیوں میں طوفان سے کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ ترجمان این ڈی ایم اے نے بتایا دیگر ایجنسیوں میں جانی نقصان کی معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔خیبرایجنسی، ملاکنڈ، بٹ خیلہ میں بھی بارش ہوئی۔ سوات میں بارش کے ساتھ ژالہ باری کے بعد سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔ مری، گلیات میں رم جھم کے بعد سیاہ بادل چھائے رہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، مظفرآباد میں بھی بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا، لاہور میں گرد آلود ہوائیں چلیں، کہیں کہیں بوندا باندی ہوئی۔گوجرانوالہ اور شیخوپورہ میں بھی بادل برس پڑے، سندھ، جنوبی پنجاب کے زیادہ تر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے۔ محکمہ موسمیات نے چند روز تک بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔