ہائیکورٹ کاسڑک کھولنے کا فیصلہ معطل،آئی ایس آئی سے رکاوٹیں ہٹانے کی تاریخ طلب

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے اسلام آباد کے علاقے خیابان سہروردی میں قائم آئی ایس آئی کی جانب سے سڑک پرلگائی گئیں رکاوٹیں ہٹانے سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کردیا ہے۔

چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس میاں ثاقب نثار نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سیکریٹری دفاع کی جانب سے دائر کی گئی اپیل کی سماعت کی۔

سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا آئی ایس آئی کو 4 ہفتوں میں سڑک کھولنے سے متعلق دیا گیا فیصلہ معطل کرتے ہوئے آئی ایس آئی سے سڑک کھولنے کی تاریخ طلب کرلی۔

چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ ہدایات اورپلان لے کرآئیں کہ ماسٹر پلان کا روڈ کیوں بند کیا گیا ؟ اور یہ بھی بتائیں کہ کب روڈ کھولیں گے؟

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پورے ملک میں تجاوزات ہٹانے کا حکم دے رکھا ہے آئی ایس آئی، اس سے مبرا نہیں، بلائیں آئی ایس آئی کے سربراہ کو کہ عدالتی حکم کے باوجود سڑک کیوں نہیں کھولی گئی۔

انہوں نے کہا کہ یہ سڑک آپ کو کھولنی ہے کیونکہ اس کے بند ہونے سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔

اس موقع پرایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ہم روڈ کھولیں گے مگر سیکیورٹی ایشوز ہیں، انہوں نے سڑکوں کے بند کرنے کی تصدیق کی اورساتھ ہی کہا کہ متبادل روڈ بھی بنا کردیا ہے۔

عدالت کو بتایا گیا کہ سی ڈی اے نے تحریری طور پر روڈ الاٹ کردیا ہے۔جس پرچیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ تجاوزات ختم کرنے کا حکم 3 ماہ قبل دیا تھا، یہ حکم نعیم بخاری کے ایک مقدمے میں دیا گیا تھا، یہ علاقہ کھولیں اور میریٹ، سیرینا اوردیگر کے سامنے سے تجاوزات ختم کرائیں۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ہائی کورٹ میں درخواست فیض آباد میں پراپرٹی کی تھی تاہم ہائی کورٹ نے از خود نوٹس لے کر حکم جاری کردیا تھا، ایڈیشنل اتارنی جنرل نے ساتھ ہی عدالت عظمیٰ سے استدعا کی کہ سیکیورٹی خدشات دور کرنے تک مہلت دی جائے۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ہدایات لے کر بتائیں کب راستہ کھولیں گے؟ ہائی کورٹ کے پاس ازخود نوٹس لینے کا اختیار نہیں ان کا حکم معطل کرتے ہیں۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت سے سوال کیا کہ آپ کہتے ہیں زبردستی بیان حلفی تحریر کرکے دیں، بغیرہدایات کے میں کیسے بیان حلفی دوں؟

جس پر جسٹس عمرعطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ عدالت تجاوزات ختم کرنے کا حکم پہلے دے چکی ہے، آپ ہدایات لیں اورعدالت کو بتائیں۔

عدالت نے کیس کی سماعت جمعہ تک کے لئے ملتوی کردی۔

خیال رہے کہ 23 جون 2018 کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئی ایس آئی کو خیابان سہروردی میں لگائی گئی رکاوٹوں کو4 ہفتوں میں ہٹانے کا حکم دیا تھا۔

جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے خیابان سہروردی سے رکاوٹیں ہٹانے کا فیصلہ سرکاری زمینوں پر سے تجاوزات کے خلاف دائر ایک پٹیشن کی سماعت کے دوران دیا تھا۔

وزارت دفاع کے سینئرجوائنٹ سیکریٹری محمد یونس خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو بتایا تھا کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر گرین بیلٹ پر40 کنال اورسڑک کے ایک حصے کو بلاک کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل رواں سال 16 مارچ کو سپریم کورٹ نے شارع سہروردی کو بند کیے جانے کا نوٹس لیا تھا۔

اس کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریماکرس دیئے تھے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور کسی کو بھی سیکیورٹی کے نام پر سڑکیں بند کرنے کی اجازت نہیں۔