وزیر اعلیٰ سندھ کا کرنٹ لگنے سےمعذور بچے کو مصنوعی بازو لگانے کا حکم

کراچی:وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کے الیکٹرک کی ہائی ٹینشن کیبل سے معذور ہونے والے بچے کو مصنوعی بازو لگانے کے لئے سیکریٹری صحت کو احکامات جاری کردیئے۔
سندھ کابینہ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے بچے کے اوپر کے الیکٹرک کی کیبل گرنے پر سخت افسوس کا اظہار کیا۔اس موقع پر کابینہ نے سیکریٹری بلدیات کو ٹاسک دیا کہ اوورہیڈ کیبلز کوئی بھی ہو اسے ختم کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں اور اس کام کی انجام دہی کیلئے کمشنر کراچی کو بھی محکمہ بلدیات کی مدد کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ نے معذور ہونے والے بچے کو مصنوعی بازو لگانے کیلئے سیکریٹری صحت کو احکامات صادر کرتے ہوئے کہا کہ ان اداروں سے رابطہ کریں جو مصنوعی بازو بناتے اور لگاتے ہیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایکسپرٹ ڈاکٹرز سے بھی رابطہ کریں ، میں اس بچے کو معذوری سے بچانے کیلئے کسی بھی حد تک جاؤں گا۔انہوں نے کہا کہ مجھے مکمل رپورٹ پیش کی جائے کہ بچہ کیسے جلد صحت یات اور بحال ہوسکتا ہے۔