صحرا میں بحری جہازوں کی موجودگی نےسب کو حیران کردیا

 

استانا: سنا تھا کہ ریگستان کا جہاز اونٹ کو کہتے ہیں، مگر یہ اصلی بحری جہاز ریگستان میں کیسے پہنچ گئے؟ آپ بھی یقیناً اس بات پر حیران رہ جائیں گے کہ قازقستان کے ایک صحرا کے عین بیچوں بیچ4 بڑے بحری جہاز مل گئے ہیں۔

بنجر صحرا کے درمیان موجود ان بحری جہازوں نے ہر کسی کو چکرا کر رکھ دیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ان بحری جہازوں کی صحرا میں موجودگی کا انکشاف سیٹلائٹ سے حاصل ہونے والی تصاویر سے ہوا ہے۔ سیٹلائٹ نے یہ تصاویر 280 میل کی بلندی سے بنائیں جن میں4 بحری جہازوں کو ویران صحرا میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ بحری جہاز صحرا میں کیسے پہنچے، کوئی بھی اس سوال کا جواب نہیں دے پا رہا۔ کینیڈا سے تعلق رکھنے والے ایک تحقیق کار جارج کورنس نے اس معاملے کا جائزہ لیا لیکن بالآخر یہ کہنے پر مجبور ہوگئے کہ میرے دماغ میں تو کوئی بات نہیں آرہی ،یہ بہت عجیب معاملہ ہے ۔ یہ ایک بڑا صحرا ہے جہاں ہر طرف ریت ہی ریت نظر آتی ہے اور آپ یہ تصور بھی نہیں کر سکتے کہ کہیں پانی مل سکتا ہے۔

پھر یہ بحری جہاز یہاں کیسے آئے ؟ یہ بات میری سمجھ سے باہرہے۔اسی طرح ایک اور سائنسدان رولینڈ کیز کا کہنا تھا کہ یہ کوئی چھوٹی چھوٹی کشتیاں نہیں ہیں بلکہ بہت بڑے بحری جہاز ہیں۔ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ انہیں گہرے سمندر میں تیرنے کیلئے بنایا گیا ہے۔ کوئی انہیں یہاں تک صحرا میں کیسے لا سکتا ہے۔ اس کی کیا وضاحت ہو سکتی ہے، میں ابھی اس کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکوں گا۔