جسٹس شوکت صدیقی کی برطرفی کی خبریں زیرگردش

 

اسلام آباد :اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو متنازع بیان دینے پر برطرف کیے جانے کی خبر زیر گردش ہیں اور اس حوالے سے صحافی انصار عباسی نے بھی اپنے خدشات کا اظہارکرتے ہوئےمائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا ہےکہ ”افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے اسلام پسند جج محترم جسٹس شوکت صدیقی کو برطرف کیا جا رہا ہے۔ امید ہے یہ جھوٹی افواہیں ہیں۔“

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا تھا کہ آئی ایس آئی آج کے دور میں عدالتی معاملات میں جوڑ توڑ کرنے میں ملوث ہے ،آئی ایس آئی والے اپنی مرضی کے بنچ بنواتے ہیں۔ راول ڈسٹرکٹ بار ایسویسی ایشن کی طرف سے منعقدہ تقریب کے دوران جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے انکشافات کیا تھا کہ مجھے معلوم ہے کہ احتساب عدالت کی ہر روز کی پروسیڈنگ کہاں پر جاتی رہی ہیں، معلوم ہے کہ سپریم کورٹ کون کس کا پیغام لے کر جاتا ہے“۔جسٹس صدیقی کا کہنا تھا کہ ”مجھے نوکری کی پرواہ نہیں۔ یہ کہا گیا کہ یقین دہانی کرائیں کہ مرضی کے فیصلے کریں گے تو آپ کے ریفرنس ختم کرا دیں گے۔ مجھے نومبر تک نہیں ستمبر میں چیف جسٹس بنوانے کی بھی پیش کش کی گئی تھی۔“اس بیان پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ازخود نوٹس لیا تھا ۔