سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی ہفتے میں دو سماعتیں کرنے کا حکم

لاہور: چیف جسٹس نے سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق کیس میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کو روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا اپنا حکم تبدیل کرتے ہوئے اب ہفتے میں دو بار سماعت کا حکم دیا ہے۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی جس سلسلے میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت سے سانحہ پر غیر جانبدار جے آئی ٹی تشکیل دینے کی درخواست کی۔
جسٹس ثاقب نثار نے طاہر القادری سے مکالمہ کیاکہ آپ کی درخواست پر انسداد دہشت گردی عدالت کو روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا حکم دیا ہے۔
چیف جسٹس پاکستان نے طاہرالقادری کو ہدایت دی کہ ہائیکورٹ نےآپ کی اپیل مسترد کی آپ سپریم کورٹ میں اپیل کریں۔
چیف جسٹس پاکستان نے انسداد دہشت گردی عدالت کو کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا حکم دیتے ہوئے پنجاب حکومت، پولیس اور محکمہ پراسیکیوشن کونوٹس جاری کردیئے۔
بعد ازاں سپریم کورٹ کی جانب سے مقدمے کی روزانہ سماعت کے حکم پر وکلا نے تحفظات کا اظہار کیا جس کے بعد عدالت نے اپنا حکم تبدیل کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی کی عدالت کو ہفتے میں دو بار سماعت کا حکم دیا۔