پھلوں کی خریداری کی بائیکاٹ مہم کا آغازپہلے ہی عشرے سے کیا جا رہا ہے۔فائل فوٹو
پھلوں کی خریداری کی بائیکاٹ مہم کا آغازپہلے ہی عشرے سے کیا جا رہا ہے۔فائل فوٹو

رمضان کے پہلے عشرے میں مہنگے پھلوں کے بائیکاٹ کا اعلان

کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان نےکراچی میں رمضان کے پہلے عشرے میں مہنگے پھلوں کی خریداری کی بائیکاٹ مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین کوکب اقبال نے رمضان کے پہلے عشرے میں مہنگے پھلوں کی خریداری کی بائیکاٹ مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی ذخیرہ اندوزوں نے ناجائز منافع کی غرض سے مارکیٹوں سے پھل غائب کر دیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صارفین ذخیرہ اندوز، منافع خوروں کی سازش کو اپنے کامیاب بائیکاٹ مہم سے ناکام بنائیں۔

کوکب اقبال کا کہناہے کہ گزشتہ کئی سال سے اشیائے خور و نوش، پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اس سال بھی گرانی اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے، مہنگے پھلوں کی فروخت رمضان المبارک کے پہلے عشرے میں عروج پر ہوتی ہے اس لیے کنزیومرز ایسوسی ایشن کی جانب سے پھلوں کی خریداری کی بائیکاٹ مہم کا پہلے ہی عشرے سے آغاز کیا جا رہا ہے۔

چیئرمین کنزیومرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ منافع خور تاجروں نے اپنی اشیاء صارفین کو مہنگے داموں فروخت کرنے کے لیے کمر کس لی ہے، صارفین مہنگی اشیا کی خریداری بند کردیں تو اشیائے خورد و نوش اور پھلوں کی قیمتیں خود بخود اپنی اصل سطح پر واپس آسکتی ہیں.

انہوں نےمذید کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور خصوصاً ڈپٹی کمشنرز سے اپیل ہے کہ وہ صارفین کو سستی اور معیاری اشیا اور خصوصاً پھلوں کی قیمتوں کی چیکنگ کے نظام کو بہتر بنائیں اور منافع خوروں پر جرمانہ کرنے کے بجائے انہیں جیل بھیجا جائے۔