مسلم لیگ ن کا حکومت کو ہر سطح پر ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ

مسلم لیگ ن نے حکومت کوہر سطح پر ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیاہے،پہلا جلسہ اسلام آباد میں 28مئی یوم تکبیر کے موقع پر کیا جائیگا ۔

مسلم لیگ ن نے ملک بھر میں مرحلہ وار احتجاج شروع کرنے کا فیصلہ کیاہے ، اس سلسلے میں مسلم لیگ ن کی جانب سے یوم تکبیر 28مئی کو پہلاجلسہ اسلام آباد میں کیا جائےگاجس میں مریم نواز، حمزہ شہباز اور دیگر ن لیگی قائدین خطا ب کریں گے ۔

مسلم لیگ ن نے حکومت کوہر سطح پر ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیاہے ۔ مریم نواز ملک بھر میں ہونیوالے احتجاجی جلسوں سے بھی خطاب کریں گی ، پارلیمنٹ میں قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بھی سخت احتجاج کیا جائے گا ۔

قبل ازیں رہنما مسلم لیگ (ن) مریم نواز کا کہنا ہے کہ حکومت خود ہی گر جائے گی اس سے پہلے کے کوئی اس کو گرائے۔

پارٹی اجلاس میں شرکت کے لیے مریم نواز پارلیمنٹ ہاؤس پہنچیں، اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پہلی بار پارلیمنٹ آئی ہوں اس سے پہلے کبھی پارلیمنٹ نہیں آئی، ملک کو جمہور کی بالادستی پارلیمان کی بالادستی اور عوام کی بالادستی کے اصولوں پر ہی چلنا ہے۔

رہنما مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے کہا کہ حکومت مخالف کسی تحریک کی ضرورت نہیں، حکومت کو کسی اپوزیشن یا کسی دشمن کی ضرورت نہیں، حکومت خود ہی گر جائے گی اس سے پہلے کے کوئی اس کو گرائے، عمران خان اور پی ٹی آئی کے پاس جھوٹ ختم ہو تو سچ بولیں۔