مقبوضہ کشمیر۔فوجی گاڑی پر حملہ۔میجر ہلاک،3اہلکار زخمی 

مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں بھارتی فوج کی گاڑی پر مسلح افراد کی فائرنگ میں میجر ہلاک  جب کہ ایک میجر اور دو اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔

مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے علاقے اچھابل میں بھارتی فوج کی گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں میجر راہول ورما ہلاک ہوگئے جب کہ بھارتی فوج کا ایک اورمیجردو اہلکاروں سمیت زخمی ہوگیا۔

دوسری جانب بھارتی فوج کے مطابق میجر راہول ورما اہلکاروں کے ہمراہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے گئے تھے جہاں مسلح افراد نے فائرنگ کردی۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر مزید نفری طلب کرلی گئی، ریسکیو ادارے نے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو سری نگر میں واقع بھارتی فوج کے 92 بیس آرمی اسپتال منتقل کیا جہاں ایک زخمی کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

ادھر ضلع اننت ناگ میں سرچ آپریشن کے دوران 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا گیا جب کہ ضلع کلگام، پلوامہ، شوپیاں اور بانڈی پورہ میں بھی سرچ آپریشن کے دوران چادراورچار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے ضلع بھر میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل کردی۔