عمران خان نے امریکا میں موچی گیٹ والی تقریر کی۔احسن اقبال

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان نے امریکا میں وہ تقریر کی جو سیاستدان موچی گیٹ میں کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے سلیکٹڈ وزیراعظم کے اوپر کا خانہ خالی ہے، وہ خیالی پلاو بناتے اور بیچتے ہیں، ان کی تقریر میں اب تک کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، ایک شخص امریکا جاتا ہے تو اسے قوم کا نمائندہ بننا چاہیے،وہاں پر کہا گیا میں واپس جا کر نواز شریف کا ٹی وی اور اے سی بند کرادوں گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اعصاب پر نواز شریف سوار ہے، امریکا جا کر بھی عمران خان کے اعصاب سے نواز شریف نہیں اترے۔اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈرز کو نشانہ بناکر حراست میں لیا جارہا ہے

ان کا کہناتھا کہ شاہد خاقان کے خلاف کارروائی عمران خان کے کہنے پر ہوئی، شاہد خاقان عباسی سے مالی بدعنوانی کا کوئی الزام نہیں تو ان پر اختیارات سے تجاوز کرنے کا الزام لگایا گیا،شاہد خاقان کا گناہ گیس بحران کوچار سال میں حل کرنا ہے، شاہد خاقان نے 11 ماہ میں دنیا کا سستا ترین ایل این جی پلانٹ لگایا، ایل این جی سے 5 ہزار میگاواٹ بجلی کے 3 یونٹ چلے۔