اتوار کی دوپہر سے بارش کا آغاز ہوسکتا ہے اور پیر کو بارش کی شدت زیادہ ہونے کا امکان ہے،محکمہ موسمیات
اتوار کی دوپہر سے بارش کا آغاز ہوسکتا ہے اور پیر کو بارش کی شدت زیادہ ہونے کا امکان ہے،محکمہ موسمیات

کراچی سمیت سندھ میں جمعہ سے تیز بارش کا امکان

محکمہ موسمیات نے سندھ بھرمیں جمعہ 9 اگست سے گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق محکمہ موسمیات نے مون سون کے دوسرے بارش برسانے والے سسٹم کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کردی ہے اور کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں  جمعے کی شام سے پیر کی صبح تک گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز کے مطابق خلیج بنگال میں لو پریشرایریا بن رہا ہے، ہوا کا کم دباؤ 8 اگست کو بھارتی ریاست راجستھان پہنچے گا جو بعدازاں سندھ  کے مختلف اضلاع اور کراچی میں پہنچے گا جس کے باعث 9 اور10 اگست کے درمیان کراچی میں شدید بارشوں کا سلسلہ شروع ہوجائے گا جو پیر 12 اگست تک جاری رہے گا۔

چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق کراچی، میرپورخاص، ٹھٹھہ، شہید بے نظیرآباد، حیدرآباد، سکھراورلاڑکانہ ڈویژن میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے، جب کہ بلوچستان کے اضلاع ژوب،قلات،نصیرآباد،مکران میں بھی بارشیں ہونے کا امکان ہے، تیز بارشوں کی وجہ سے شہر میں نچلے درجے کے سیلاب اورندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، لہذاٰ متعلقہ ادارے بارش سے نمٹنے کے انتظامات کو ممکن بنائیں۔